ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / اسرائیلی دہشت گردی، غرب اردن میں ایک فلسطینی شہید

اسرائیلی دہشت گردی، غرب اردن میں ایک فلسطینی شہید

Wed, 18 Jan 2017 19:47:26  SO Admin   S.O. News Service

طولکرم،18جنوری(ایس  اونیوز/آئی این ایس انڈیا)اسرائیل نے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر طولکرم کے نزدیک ایک  اور فلسطینی کو گولی مار کر شہید کردیا۔اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس فلسطینی نے ایک فوجی کو چاقو گھونپنے کی کوشش کی تھی لیکن اس واقعے میں کوئی اسرائیلی زخمی نہیں ہوا ہے۔ جوابی کارروائی میں مشتبہ فلسطینی حملہ آور کو گولی ماری گئی جس کے نتیجے میں وہ جام شہادت نوش کرگیا۔

اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ چند لمحے قبل طولکرم سے متصل ایک گذرگاہ پر چاقو سے مسلح ایک حملہ آور نے ایک اسرائیلی فوجی پر حملے کی کوشش کی تھی۔عبرانی نیوزویب پورٹل 0404 کے مطابق طولکرم کے قریب ایک چیک پوسٹ پر فوجیوں نے ایک فلسطینی نوجوان کو اس وقت گولی ماری جب اس نے ایک فوجی اہلکار کی طرف چاقو سے حملے کے لیے بڑھنے کی کوشش کی تھی۔فلسطینی وزارت صحت کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے شہید ہونے والے فلسطینی نوجوان کی شناخت نضال داؤد مہداوی کے نام سے کی گئی ہے جس کی عمر 44سال اور رہائشی تعلق طولکرم میں  شویکہ شہر سے ہے۔

اسرائیلی فوجیوں نے سوموار کے روز بھی مقبوضہ مغربی کنارے میں واقع شہر بیت لحم کے نزدیک ایک فلسطینی کو گولی مار کر شہید کردیا تھا۔اکتوبر 2015ء سے اب تک اسرائیلی فورسز کی مقبوضہ بیت المقدس، غرب اردن اور غزہ کی پٹی میں سفاکانہ کریک ڈاؤن کارروائیوں، فائرنگ اور حملوں میں 276فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔ادھر اسرائیلی پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے بیت المقدس شہر میں ایک 19سالہ فلسطینی نوجوان کوحراست میں لیا ہے۔ گرفتاری سے قبل اس نے بیت المقدس میں یہودی فوجیوں اور آباد کاروں پر چاقو سے حملے کی کوشش کی تھی۔ صہیونی پولیس کے مطابق حراست میں لیے گئے فلسطینی کا تعلق غرب اردن کے شہر بیت لحم کے الدعیشہ پناہ گزین کیمپ سے ہے اور وہ غیرقانونی طور پر بیت المقدس میں داخل ہوا تھا۔
 


Share: